کابل: طالبان نے چین سے پر زور اپیل کی ہے کہ وہ اسلامی امارات حکومت کو تسلیم کروانے میں مدد کرے۔ خامہ پریس کے مطابق نائب وزیر برائے اطلاعات و ثقافت اور طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ طالبان کو اپنی حکومت تسلیم کرانے کی ضرورت ہے اور عالمی ممالک خاص طور پر چین کو اس ضمن میں مدد کرنا چاہئے۔ مجاہد نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ چین خطہ کے اہم ممالک میں سے ایک ہے اور اس کے ساتھ اچھے اور خوشگوار تعلقات کا ہونا طالبان کی زبردست کامیابی اور عین خوش نصیبی ہوگی۔
واضح ہو کہ طالابن نے 15اگست کو غنی حکومت کا تختہ پلٹ کر اقتدار پر قابض ہونے کے بعد حسن اخوند کی ، جن پر 2001سے اقوام متحدہ نے پابندیاں عائد کر رکھی تھیں، قیادت میں حکومت تشکیل دی تھی۔100سے زائد دنوں کا عرصہ گذر جانے کے باوجود ابھی تک دنیا کے کسی ملک نے اس حکومت کو تسلیم نہیں کیا ہے۔اسی دوران اسلامی امارات آف افغانستان کے نائب ترجمان بلال کریمی نے ٹوئیٹ کر کے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ تاجرخاص طور پر چینی سرمایہ کار افغانستان میں سرمایہ کاری کریں گے اور اسلامی امارات آف افغانستان اپنی سلامتی یقینی بنائے گی۔
واضح ہو کہ بین الاقوامی برادری نے افغانستان کی طالبان حکومت کو تسلیم کرنے کے لیے خواتین اور انسانی حقوق کا احترام، جماع حکومت کی تشکیل اور افغانستان کو دہشت گردی کی پناہ گاہ نہ بننے دینا جسیی شرائط رکھی ہیں۔ابھی تک طالبان نے ان میں سے کسی بھی شرط کو پورا نہیں کیا لیکن انہیں پورا کرنے کا وعدہ ضرور کیا ہے۔