کابل: طالبان نے پاکستان کو انتباہ دیا ہے کہ وہ اس کے صبر کو نہ آزمائے۔ افغانستان کے نائب وزیر اطلاعات و ثقافت مذبیح اللہ مجاہد نے جو اسلامی امارات کے ترجمان اعلیٰ بھی ہیں ، یہ انتباہ افغانستان کو کونار اور خوست صوبوں میں پاکستان کی ان حالیہ فضائی کارروائیوں کے بعد دیا ہے جس میں خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق 40سے زائد افغان شہری مارے گئے ہیں۔مجاہد نے مزید کہا کہ پاکستان افغانستان کے عوام کے صبر کو نہ آزامئے بصوقرت دیگر اسے اس کا خمیازہ بھگتنے کے لیے تیار رہنا چاہئے۔
ترجمان نے کہا کہ ہماری ہر ممکن کوشش یہ ہے کہ تمام متنازعہ اور دیرینہ حل طلب مسائل و معاملات کا تصفیہ سفارت کاری کے توسط سے کیا جائے۔ لیکن پاکستان کی جانب سے فضائی کارروائی جیسے اقدامات سے معاملہ سلجھنے کے بجائے اور پیچیدہ ہو جائے گا اور افغانستان و پاکستان کے درمیان کشیدگی پیدا کرے گا۔ جس دونوں ممالک میں ٹھن جائے گی اور یہ دونوں میں سے کسی کے بھی حق میں بہتر یا سود مند نہیں ہوگا۔
پاکستان کی حالیہ فضائی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے مجاہد نے کہا کہ اس قسم کی حرکتوں کے دوہرائے جاتے رہنے کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔خامہ پریس کے حوالے سے اے این آئی نے یہ بتاتے ہوئے مزید کہا کہ اسلامی امارات کی وزارت خارجہ نے پاکستان کے سفیر متعین افغانستان منصور احمد خان کو اپنے دفتر میں طلب کر کے کہا کہ آئندہ اس قسم کے حملوں سے باز رہا جائے۔
