Taliban warns Pakistanتصویر سوشل میڈیا

کابل:(اے یو ایس )پاکستانی فوج کے افغانستان میں فضائی حملوں کے بعد طالبان نے سخت ردّعمل ظاہر کیا ہے جب کہ ان حملوں میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 47 ہو گئی ہے۔ہفتے کو ہونے والے فضائی حملوں کے بعد پیر کو طالبان کی جانب سے پاکستان کے خلاف سخت بیانات سامنے آئے ہیں۔ طالبان عہدے داروں نے پاکستان کو سخت الفاظ میں تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس کا مقابلہ بھی کرسکتے ہیں۔وائس آف امریکہ کی افغان سروس کے مطابق پیر کو طالبان کے نائب سپہ سالار حاجی مالی خان نے صوبہ خوست کا دورہ کیا اور فضائی حملوں سے متاثرہ علاقے کا جائزہ لیا۔ ان کے ہمراہ کئی اعلیٰ عہدے دار بھی موجود تھے۔

اس موقع پر حاجی مالی خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم بزدل نہیں۔ امریکہ کے پاس بھی ایسی ہی فضائی قوت تھی لیکن طالبان نے انہیں شکست سے دوچار کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ طالبان جنگجو اپنی قیادت کے احکامات کا انتظار کر رہے ہیں۔دوسری جانب طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بھی برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے پاکستان کو آئندہ ایسے اقدامات سے باز رہنے کے لیے خبردار کیا ہے۔ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ اگر ہم امریکہ سے جنگ لڑ سکتے ہیں تو پاکستان کے خلاف بھی کھڑے ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ افغان سرزمین پر حملے کر کے طالبان کے صبر کا امتحان نہ لے، ورنہ طالبان بھی جواب دیں گے۔

واضح رہے کہ ہفتے کو طالبان حکومت نے پاکستان پر الزام عائد کیا تھا کہ اس کے لڑاکا طیاروں نے سرحدی صوبوں کنڑ اور خوست میں بم باری کی ہے۔ طالبان حکومت نے افغانستان میں تعینات پاکستانی سفیر کو بھی وزارتِ خارجہ میں طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کرایا تھا۔افغانستان میں فضائی حملوں سے متعلق پاکستان کی فوج کا تاحال کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔ اتوار کو پاکستان کے دفترِ خارجہ نے افغانستان سے متعلق ایک بیان جاری کیا تھا مگر اس میں بھی فضائی حملوں کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا ہے۔پاکستانی دفترِ خارجہ نےاپنے بیان میں کہا تھا کہ افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ حالیہ چند ماہ کے دوران پاکستان نے متعدد بار افغانستان سے بارڈر محفوظ بنانے کی درخواست کی ہے کیوں کہ دہشت گرد افغان سر زمین کا استعمال کرتے ہوئے پاکستان کی افواج کو مسلسل نشانہ بنا رہے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *