دوبئی: ہندوستان نے ایشیا کپ 2022کے دوسرے اور اپنے پہلے میچ میں کانٹے کے مقابلہ کے بعد روایتی حریف پاکستان کو 5وکٹ سے شکست دے کر 15ویں ایشیا کپ میں شاندار آغاز کیا۔ریگزار عرب میں کھیلے گئے اس میچ میں آل راا¿نڈر ہاردیک پانڈیا نے نہایت نا مساعد حالات میں جہاں ایک جانب طوفانی بلے بازی کرتے ہوئے محض17گیندوں پر 33رنز کی غیر مفتوح اننگز کھیلی وہیں آخری اوور میں جب ہندوستان کے سر پر شکست کی تلوار لٹک رہی تھی پاکستان کے سب سے کامیاب بو لر لیفٹ آرم اسپنرمحمد نواز کی گیند پر چھکا لگا کر ایشیا کپ میں ہی لگائے گئے اس چھکے کا کافی حد تک جواب دے دیا جو1ریگزار عرب میں ہی ان کی پیدائش سے 7سال قبل جاوید میاں داد کے بلے سے پاکستان کو جیت دلانے کی شکل میں نکلا تھا۔
اس اعصاب شکن فائنل میں جب ہندوستان کو آخری اوور میں 7رنز کی ضروررت تھی اور پہلی ہی گیند پر محمد نواز نے آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ کو جو 29گیندوں پر دو چوکون اور اتنے ہی چھکوں کے ساتھ35رنز بنا کر پاکستان اور فتح کی راہ میں زبردست رکاوٹ بنے ہوئے تھے ،کلین بولڈ کر کے پاکستان کے کرکٹ شیدائیوں میں خوشی کی اور ہندوستانی خیمے میں مایوسی کی لہر دوڑا دی ۔ لیکن تجربے کار وکٹ کیپر بلے باز دنیش کارتک نے اگلی ہی گیند پر ایک رن لے کر جارحانہ حملے کرنے والے پانڈیا کو اسٹرائیک لینے کا موقع دیا ۔ مگر اوور کی تیسری گیند پر بھی جب کوئی رن نہیں بن سکا تو پاکستانی کرکٹ شیدائیوں نے خوشی سے جھومنا شروع کر دیا لیکن ابھی وہ جھوم ہی رہے تھے کہ ہاردیک پانڈیا نے نواز کی چوتھی سیھی اور بہت تیزی سے آف اسٹمپ کو ٹارگٹ بنانے والی گیند کو زوردار ہٹ کر کے ہوا میں لانگ آن باؤنڈری کی سیر پر روانہ کر کے ٹیم انڈیا کے شیدائیوں کو میدان میں کود پڑنے اور پاکستانی کرکٹ کے شیدائیوں کو زبردست مایوسی کے عالم میں اسٹیڈیم میں اپنی سیٹوں پر سر جھکائے کف افسوس ملنے پر مجبور کر دیا۔
پانڈیا نے 17گیندوں کی اننگز میں 33رنز بنائے جس میں انکے چار چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔وراٹ کوہلی نے 34گیندوں پر تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے35رنز اور کپتان روہت شرما نے 18گیندوں پر ایک چھکے کے ساتھ 12رنز بنائے جبکہ ان کے ساتھ افتتاحی بلے با زکے ایک راہل کھاتہ کھولے بغیر فاسٹ بولر نسین شاہ کی پہلی ہی گیند پر شکار ہو گئے۔پاکستان کی جانب سے محمد نواز تین وکٹ لے کامیاب بولر رہے جبکہ نسیم شاہ کو دو وکٹ ملے۔قبل ازیں روہت شرما کے ذریعہ پہلے بیٹنگ کے لیے مدعو کیے جانے والے پاکستان مقررہ20اووروں میں محض147رنز بنا کر آو¿ٹ ہو گیا۔ وکٹ کیپر افتتاحی بلے باز محمد رضوان 43رنا بنا کر نمایاں رہے انہوں نے 42گیندیں کھیلیں اور چار چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ افتخار احمدنے22گیندوں پر دو چوکوں اور ایک چھکے کے ساتھ28رنز اور حارث رو¿ف نے 13 بنائے جبکہ کپتان بابر اعظم، فخر زماں اور شاداب خان نے فی کس 10رنز کا تعاون دیا۔آصف علی نے9رنز بنائے۔ ہندوستان کی جانب سے بھونیشور کمار ، ہاردیک پانڈیا،ارشدیپ سنگھ اور اویس خان نے بالتریب 4،3،2اور ایک وکٹ لی۔ پانڈیا کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔