کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل میںہفتے کے روز ایک اسکول کے قریب ایک زبردست کار دھماکہ میں58 افراد ہلاک اور ڈیڑھ سو سے زخمی ہوگئے۔ افغانستان کی وزارت داخلہ نے اس کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ صدر اشرف غنی نے اسے طالبان انتہاپسندوں کی حرکت بتایا ہے۔
ایک سینیئر سیکورٹی افسر نے بتایا کہ یہ دھماکا ضلع کابل کے دستار برچی میں سید الشہدا گرلز ہائی اسکول کو نشانہ بناکر ساڑھے چار بجے شام میں عین اس وقت کیا گیا ، جب بچیاں اسکول سے چھٹی پاکر گھروں کے لیے ہنستے کھیلتے نکل رہی تھیں۔ پہلے کار بم دھماکہ ہوا اور پھر دو راکٹ فائر کیے گئے۔ہلاک شدگان میں زیاہ تر طالبات ہیں ۔
افسر نے مزید کہا کہ بیشتر زخمیوں کی حالت مخدوش ہے جس سے اموات کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔اگرچہ اب تک کسی دہشت گرد تنظیم یا فرد نے اس کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔پولیس اس کی تحقیقات ایک دہشت گردانہ حملے کے طور پر کررہی ہے۔
