دہلی :آج دنیا ایک عالمی گاؤں کی صورت اختیار کر چکی ہے۔ اس انقلاب کے پیچھے جدید ٹکنالوجی کا اہم کردار ہے، جس میں سرفہرست زبان کی رسائی ہے۔روز مرہ ضروریات کی تکمیل کے لےے زبان ایک اہم ذریعہ ہے۔ اردو زبان کے لفظوں میں حویلیوں، محلوں ،، جھگیوں ، جھونپڑیوں کا درد یکساں ہے، یہ زبان دل و دماغ میں موجزن خیالات کی تصویر کشی کرتی ہے یہی سبب ہے کہ یہ سرحدوں سے آزاد ہے۔ اس
زبان کے الفاظ دنیا کی سبھی زبانوں میں اپنی تاثیر کے باعث جگہ بنا رہے ہیں۔ گویا اردو کا رشتہ عالمی سطح پر قائم ہو چکا ہے۔ اس لےے آئندہ 26-28، فروری2020 کو عالمی اردو کانفرنس کا انعقاد بہ موضوع ’ ہندوستانی اور بیرونی زبانوں سے اردو کا لسانی و ادبی رشتہ‘ ہوگا۔
17دسمبر2019بروز منگل، قومی اردو کونسل کے صدر دفتر جسولہ میں سہ روزہ عالمی اردو کانفرنس کے اہتمام کے سلسلے میں میٹنگ میں ان خیالات کا اظہار پروفیسر شاہد اختر کی صدارت میں قومی اردو کونسل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے ایڈوائزری کمیٹی کے سامنے کیا۔ ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے پچھلی چھ کانفرنسوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پچھلی کانفرنسوں کے موضوعات میں قدرے یکسانیت تھی۔ لہٰذا ساتویں عالمی کانفرنس کا موضوع ایسا متعین کیا جائے جس سے زبانوں کے عالمی رشتے پر روشنی پڑے۔اردو زبان کی تشکیل میں السنہ عالم کا خاکہ پیش کرتے ہوئے ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے پانچ ذیلی عنوانات طے کےے، جس کا احاطہ کانفرنس میں پڑھے جانے والے مقالے کریں گے جو درج ذیل ہیں۔
.1 اردو اور دیگر زبانوں کے درمیان لسانی و ادبی رشتوں کا تاریخی پس منظر
.2 اردو اور دیگر زبانوں کے درمیان لسانی و ادبی رشتوں کی نوعیت
.3 اردو اور دیگر زبانوں پر مرتب ہونے والے لسانی و ادبی اثرات کی توضیحات
.4 اردو اور دیگر زبانوں پر سیاسی، سماجی اور معاشرتی اثرات سے بدلتے لسانی و ادبی رشتے
.5 اردو اور دیگر زبانوں کے درمیان لسانی و ادبی رشتوں کا مستقبل
کانفرنس میں ہندوستان کی تمام ریاستوں کے علاوہ بیرونی ممالک کے دانشوروں ، ناقدین اور ماہرین لسانیات کی شرکت متوقع ہے۔
ممبران کمیٹی کے مشوروں سے موضوع کی تعیین عمل میں آئی۔ نیز متوقع مندوبین کی فہرست تیار کی گئی۔ میٹنگ میں شریک ممبران میں پروفیسر شمیم حنفی، پروفیسر مظفر علی شہ میری، پروفیسر کمل کشور گوئنکا،پروفیسر محمد اسد الدین، پروفیسر محمد شبیر،ڈاکٹر خواجہ افتخار احمد، ڈاکٹر فضل الرحمن، ڈاکٹر مسرور احمد بیگ ، کونسل کے ریسرچ آفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ،ڈاکٹر انوار الحق، ڈاکٹر فیاض عالم، ڈاکٹر جاوید اقبال ، ڈاکٹر شاہد اختر اور ڈاکٹر عبد الرشید اعظمی نے شرکت کی۔