نئی دہلی: جنوبی ہند کی معروف فلم اداکارہ شروتی حاسن نے اپنے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں اپنی کچھ نئی تصاویر کے ساتھ یہ قبول کیا کہ انہوں نے پلاسٹک سرجری کروائی ہے اور انہیں اس پر کوئی شرم محسوس نہیں ہوتی۔
اپنی نئی تصویر میں شروتی کافی پتلی دبلی نظر آ رہی ہیں۔ اداکارہ نے اپنے انسٹا گرام پوسٹ میں لکھا ہے ‘میں دوسرے لوگوں کی رائے کا اثر لینے والوں میں سے نہیں ہوں لیکن مسلسل اس طرح کے تبصرے کرنا کہ پہلے میں موٹی تھی او ر اب میں زیادہ پتلی ہو گئی ہوں مناسب نہیں ہیں۔
شروتی کا کہنا ہے کہ وہ اپنی صحت کے مسائل سے نمٹنے کی کوشش کرتی رہتی ہیں اور یہ آسان نہیں ہے۔ شروتی کہتی ہیں کہ انہوں نے پلاسٹک سرجری کروائی ہے لیکن وہ نہ تو اس کی حمایت کرتی ہیں اور نہ ہی اس کی مخالف ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی کو کسی کے بارے میں رائے قائم کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔
واضح ہو کہ اداکارہ شروتی حاسن ہندی فلموں میں کم اور جنوبی ہندکی فلموں میں کافی کامیاب رہی ہیں۔ اداکار کمل حاسن اور اداکارہ ساریکا کی بیٹی شروتی حاسن ایک اچھی اداکارہ ہیں اور ان کا شمار بے پناہ حسین اداکاراؤں میں کیا جاتا ہے۔