سیتاپور، (اے یوایس) مسلمان والدین کو بیٹے کے ہندو لڑکی کے ساتھ فرار ہونے پر بے دردی سے مار مار کر قتل کر دیا گیا۔یہ واقعہ ریاست اترپردیش کے گاؤں سیتا پور میں پیش آیا۔پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ 2020 میں مسلمان نوجوان شوکت اپنی پڑوسی روبی نامی ہندو لڑکی کے ساتھ فرار ہو گیا تھا جس کا مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق روبی اس وقت کم عمر تھی جبکہ شوکت کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا تھا لیکن جیل سے رہا ہونے کے بعد شوکت نے رواں برس جون میں دوبارہ روبی سے بھاگ کر شادی کر لی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق روبی کے شوکت کے ساتھ فرار ہونے کے واقعے کے بعد لڑکی کے خاندان والوں نے شوکت کے ماں باپ پر حملے کی منصوبہ بندی کی اور باپ عباس اور ماں قمرالنسا کو ڈنڈوں اور لوہے کی راڈوں سے مار مار کر قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق شوکت کے ماں باپ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ کارروائی کرتے ہوئے 3 افراد کو حراست میں لیکر تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے اور مزید گرفتاریوں کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔