تہران: جنوبی ایران کے کرمان صوبہ کا دارالحکومت راور زلزلہ سے لرز اٹھا ۔ریختر پیمانے پر زلزلہ 4.9شدت کا تھا۔

تہران یونیورسٹی کے جیو فزکس انسٹی ٹیوٹ کے مرکز زلزلیات کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق دو شنبہ کو صبح صادق سے قبل چار بج کر 3منٹ پر آیا تھا ۔جس کا مرکز 56.60ڈگری طول البلد اور31.26ڈگری عرض البلد میں تھا جبکہ اس کی گہرائی 10کلومیٹر زیر زمین تھی۔

ابھی تک اس زلزلہ میں کسی قسم کے جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔واضح ہو کہ گذشتہ روز بھی ایران کے مغرب میں واقع صوبہ آذر بائیجان کے گاؤں قطور میں ،جو ترکی کی سرحد سے متصل ہے، 5.7کی شدت سے زلزلہ آیا تھا جس کے ہلاکت خیز اثرات ترکی پر پڑے جہاں3بچوں سمیت کم از کم سات افراد ہلاک اور76دیگر زخمی ہو گئے ۔

ترک وزیر داخلہ سلیمان صالح نے بتایا کہ اس زلزلہ میں 5افراد زخمی بھی ہوئے ہیں انہیں ایک اسپتال میں داخل کر دیا گیا۔کئی افراد کے ملبہ کے نیچے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔تلاش اور بچاؤ کا کام وسیع پیمانے پر جاری ہے۔زلزلہ کا مرکز ،جو صبح9بج کر 23منٹ پر آیا ،سرحد سے 6میل کی دوری پر واقع ایرانی گاؤں حبش اولیاءمیں 6کلومیٹر زیر زمین تھا۔

تاہم ایران میں ابھی زلزلہ سے کسی قسم کے جانی و مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔ اسی دوران اناطولیہ ایجنسی نے خبر جاری کی کہ ایران سے متصل سرحد پر واقع وان صوبہ کے متعدد دیہات زلزلہ سے متاثر ہوئے ہیں۔دریں اثنا پاکستان نے ایران کے زلزلہ زدگان سے اظہار ہمدردی کیا۔

اسلام آباد سے جاری سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت پاکستان اور ملک کے عوام مشکل کی اس گھڑی میں اپنے ایرانی و ترک بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔اور زلزلہ زدگان کی ہر ممکن امداد کے لیے تیار کھڑے ہیں۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ پورا پاکستان ایران و ترکی میں زلزلہ سے ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتا ہے اور ان کی غم میں برابر کا شریک ہے نیز زخمیوں کے جلد رو بصحت ہونے کے لیے خدا کے حضور دست بہ دعا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *