تہران:ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ ”مسخرا“ ہے اور ایرانی عوام کی حمایت اس کا صرف دکھاوا ہے۔
2012کے بعد سے پہلی بار تہران میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے خامنہ ای نے کہا کہ ٹرمپ ایرانی قوم کی پیٹھ میں زہر میں بجھا خنجر گھو نپےگا۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے فوجی جنرل کی ، جو اس ماہ کے اوائل میں امریکی حملہ میں جاں بحق ہو گئے تھے، تدفین کے موقع پرجس طرح رنج و غم اور پر جوش جذبات کا اظہار کیا گیا وہ اس امر کا مظہر ہے ایرانی قوم اسلامی جمہوریہ کی حمایت کرتی ہے۔
خامنہ ای نے مزید کہا کہ امریکہ نے دولت اسلامیہ فی العراق و الشام (داعش) کے خلاف جنگ میں نہایت موثر کمانڈر کا بزدلانہ انداز میں قتل کیا ہے۔
ایران نے پاسداران اسلامی انقلاب کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے خلاف جوابی کارروائی کرتے ہوئے عراق میں امریکی فضائی اڈوں پر میزائلوں کی بارش کر دی تھی جس میں کئی امریکی فوجی شدید طور پر زخمی ہوئے تھے۔
پاسداران اسلامی انقلاب کے میزائل حملوں کی زد میں تہران ہوائی اڈے سے پرواز بھرنے والا یوکرین ایر لائنز کا ایک مسافر طیارہ بھی آگیا تھا جس میں176مسافر ہلاک ہو گئے تھے ۔