استنبول:(اے یو ایس ) ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے یہ شرط رکھ دی ہے کہ کابل ہوائی اڈے کے آپریشن سے متعلق معاہدہ طے پانے سے قبل طالبان ایک جامع حکومت تشکیل دے۔اردوغان کا یہ موقف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر امریکی چینل سی بی ایس نیوز کو اتوار کے روز دیے گئے ایک انٹرویو میں سامنے آیا۔
ترکی کے صدر کا کہنا تھا کہ افغانستان میں حکومت جامع نوعیت کی نہیں، اس میں تمام عناصر شامل نہیں ہیں۔ جب تک ایسا رہے گا ترکی کابل ہوائی اڈے کو آپریٹ نہیں کرے گا۔ اگر حکومت زیادہ کشادہ اور جامع ہوئی تو ترکی اس وقت اپنا موقف بدل سکتا ہے ۔
طیب اردوغان نے امید ظاہر کی کہ خواتین افغانستان میں عام زندگی کے ہر گوشے میں فعال طریقے سے شریک ہوں گی۔ترکی کے صدر کے مطابق کابل ہوائی اڈے کی سیکورٹی اور ترکی کا اس کی انتظامی ذمے داری سنبھالنا، یہ دونوں امور جون میں برسلز میں نیٹو اتحاد کے سربراہ اجلاس کے دوران میں امریکی صدر جو بائیڈن کے ساتھ زیر بحث آئے تھے۔
