انقرہ، : پیر کے روز وسطی ترکی میں تیز رفتار سے جا رہی ایک مسافر بس پھسل کر سڑک کے کنارے ایک گہری کھائی میں جا گری جس میں 12 افراد ہلاک اور 19 دیگر زخمی ہو گئے۔ ترک شہر یوزگات کے گورنر مہمت علی اوزکان نے بتایا کہ بس کا ڈرائیور گاڑی کے اسٹیرنگ وہیل پر کنٹرول کھو بیٹھا جس کی وجہ سے بس بے قابو ہو کر یوزگت کے قریب کھائی میں جاگری۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ بس یوزگت سے تقریباً 240 کلومیٹر (150 میل) مشرق میں واقع شہر سیواس سے استنبول جا رہی تھی۔ اوزکان نے بتایا کہ مسافروں میں سے 11 موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ ایک نے بعد میں اسپتا ل میں زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ دیا۔ زخمی مسافروں کا قریبی اسپتالوں میں علاج کیا جا رہا ہے اور ان میں سے بھی ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ اس حادثے کو ڈرائیور کی غفلت کا شاخسانہ بتایا جاتا ہے۔ترکی کے وزیر انصاف الماس تونک نے کہا کہ اس حادثے کی عدالتی تحقیقات شروع ہو گئی ہے۔