کابل: گذشتہ24گھنٹے کے دوران افغان سلامتی دستوں اور طالبان کے درمیان خونریز تصادم میں کم از کم20افراد ہلاک ہوگئے۔ ہلاک شدگان میں فوجی اور شہری دونوں شامل ہیں۔ اسی دوان طالبان نے تین اضلاع پر قبضہ کر لیا۔
دریں اثنا سرائے پل صوبہ کے قانون سازوں نے پارلیمنٹ میں کہا کہ گذشتہ ہفتہ کے دوران چار اضلاع کو طالبان حاصل کر چکے ہیں۔ مشرقی صوبہ ننگرہار میں نامعلوم بندوق برداروں نے پولیو ویکسین ٹیم پر فائرنگ کر دی جس میں ٹیم کے پانچ رضا کار ہلاک اور چار زخمی ہو گئے۔
مشرق میں ٹیکہ کاری پروگرام کے سربراہ نجیب کاموال نے بتایا کہ اس واردارت کے بعد صوبائی حکومت اور چار بین الاقوامی تنظیموں نے ننگر ہار صوبہ میں ٹیکہ کاری مہم بند کردینے کا فیصلہ کیا۔گذشتہ تین ماہ کے دوران ننگر ہار میں پولیو ٹیم پر یہ دوسرا ہلاکت خیز حملہ ہے۔
صدر اشرف غنی نے سلامتی کی خراب صورت حال سے نمٹنے کے لیے گذشتہ تین روز کے دوران کئی بیٹھکوں کی صدارت کی۔رپورٹوں کے مطابق صوبہ سرائے پل کے گوسفندی اور سنچارک اضلاع پر طالبان نے قبضہ کر لیا۔