سنت کبیر نگر: (اے یو ایس ) اترپردیش کے ضلع سنت کبیر نگر کے خلیل آباد کوتوالی علاقے میں آج پیش آئے سڑک حادثے میں کار سوار خاتون سمیت دو افراد کی موت ہوگئی جبکہ جج کے اہل خانہ سمیت 8افراد زخمی ہوگئے۔
سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ڈاکٹر کوکوستبھ نے یہاں بتایا کہ کوتوالی خلیل آباد علاقے میں نیشنل ہائی وے پر واقع جگرانی چوراہے کے سامنے منگل کی صبح خلیل آباد کی طرف سے بستی کی جانب جارہی ارٹکا کار بے قابو ہوکر ڈیوائیڈر کو عبور کرتے ہوئے دوسری لین پر سامنے سے آرہی کریٹا سے ٹکرا گئی۔ٹکر اس قدر شدید تھی کہ کار کے پراخچے اڑگئے۔
ایک ہفتہ کے اندر سنت کبیر نگر ضلع میں یہ دوسرا بھیانک سڑک حادثہ ہے۔اس سے قبل سنت کبیر نگر میں ہی بودھا اور کانٹے کے درمیان قومی شاہراہ پر دو گاڑیوں کی ٹکر میں ایک ٹیمپو کے پلٹ جانے سے اس میں سوار ایک شخص ہلاک اور ڈرائیور و دو دیگر خواتین زخمی ہو گئیں۔
موصول اطلاع کے مطابق بودھا کلاں گاؤں کے رہائشی 53سالہ رامکیش اپنے کسی رشتہ دار کی موت پر اپنے گھر والوں کو لے کر گھر جا رہے تھے کہ ابھی ان کا ٹیمپو بودھا اور کانٹے کے درمیان ہی تھا کہ ایک نامعلوم گاڑی سے ٹکرانے کا یہ حادثہ ہو گیا۔ جس میں رام کیش کی موت ہو گئی جبکہ ان کی بیوی وجے لکشمی، سونم اور رام بھیج زخمی ہو گئے۔
