بروسلز:(اے یو ایس)بیلجیئم میں پولیس نے دو لڑکوں کو دہشت گردی کے حملے کی سازش کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔بیلجیئم کے وفاقی پراسیکیوٹر کے دفتر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان دونوں لڑکوں کی عمریں 16 اور 17 سال ہیں۔انھیں 31 اکتوبر کوصوبہ لیج میں واقع دو شہروں یوپین اور لاکالمائن سے چھاپا مار کارروائیوں کے بعد پکڑا گیا تھا۔
ان دونوں پر دہشت گردی کے حملے کی سازش اور ایک دہشت گرد تنظیم میں شمولیت کا الزام ہے۔انھیں کم عمر افراد کے لیے مخصوص حفاظتی مرکز میں زیرحراست رکھا جارہا ہے۔تاہم حکام نے ان کی شناخت نہیں بتائی ہے۔بیلجیئم کے نشریاتی ادارے آر ٹی بی ایف کے مطابق ان دونوں مشتبہ لڑکوں نے داعش سے بیعت کی ایک ویڈیو ریکارڈ کرائی تھی۔ان پر پولیس افسروں پر چاقو حملوں کی منصوبہ بندی کا شبہ ہے۔
ان دونوں کو گذشتہ سوموار کو آسٹریا کے دارالحکومت ویانامیں حملے سے قبل گرفتار کیا گیا تھا۔ویانا شہر میں داعش سے ماضی میں تعلق رکھنے والے ایک آسٹروی، مقدونی نوجوان نے فائرنگ کرکے چار افراد کو ہلاک کردیا تھا۔بعد میں پولیس نے اس حملہ آور کو بھی گولی مار کر موت کی نیند سلا دیا تھا۔
یادرہے کہ چار سال قبل برسلز کے بین الاقوامی ہوائی اڈے اور میٹرواسٹیشن پر دہشت گردوں کے حملوں میں 32 افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوگئے تھے۔اس کے بعد سے بیلجیئم کے حکام نے دہشت گردی کی متعدد سازشوں کو ناکام بنایا ہے۔
