سری نگر: جموں و کشمیر کے پلوامہ میں سیکورٹی فورسز نے ہفتے کے روز ایک اعلیٰ پاکستانی دہشت گرد سمیت جیش محمد کے دو دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ پولیس نے بتایا کہ مہلوک پاکستانی دہشت گرد کا تعلق جیش سرغنہ مسعود اظہر کے خاندان سے ہے اور وہ 2019 کے پلوامہ حملے کی منصوبہ بندی میں ملوث تھا۔ ایک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر سیکورٹی فورسز نے آج صبح نامبیان اور مارسر جنگل کے علاقے اور داچی گام کے علاقے میں محاصرہ کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے سرچ آپریشن کر رہی پارٹی پر فائرنگ کی جس کے بعد تصادم شروع ہوگیا۔ سکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کی جس میں دو دہشت گرد مارے گئے۔کشمیر کے انسپکٹر جنرل پولیس وجے کمار نے کہا کہ کالعدم دہشت گرد تنظیم جیش محمد کے سرغنہ مسعود اظہر کے خاندان سے تعلق رکھنے والا اعلیٰ پاکستانی دہشت گرد اسماعیل علوی عرف لمبو عرف عدنان کو آج ایک انکاؤنٹر میں مارگرایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ پلوامہ میں لیتھ پورہ حملے کی سازش میں ملوث تھا اور اس معاملے کی جانچ کر رہی قومی تفتیشی ایجنسی (این آئی اے) کی طرف سے دائر کی گئی چارج شیٹ میں شامل ہے۔واضح ہو کہ 14 فروری 2019 کو جموں۔ سرینگر قومی شاہراہ پر سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف)کے قافلے پر خودکش حملہ آور عادل ڈار نے حملہ کیا تھا ،جس میں 40 جوان شہید اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔