واشنگٹن:(اے یو ایس ) امریکہ کی فضائیہ کے 27 اہل کاروں کو کورونا ویکسین لگوانے سے انکار پر ملازمتوں سے برخاست کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق امریکی ایئر فورس نے اپنے تمام افسران اور عملے کو ہدایت کی تھی کہ وہ دو نومبر تک کرونا ویکسین لگوا لیں۔ البتہ ہزاروں اہل کاروں نے یا تو ویکسین لگوانے سے انکار کیا یا مختلف وجوہات کی بنا پر استثنٰی کی درخواست کی۔ایئر فورس کی ترجمان این اسٹیفنک نے پیر کو ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ یہ کورونا ویکسین کے حوالے سے معاملات میں ملازمتوں سے برخاست ہونے والے زیادہ تر اہل کار نوجوان اور ذیلی عہدے کے افسران ہیں۔
جن 27 ایئر فورس ملازمین کو برخاست کیا گیا ہے ان میں سے کسی نے بھی طبی یا مذہبی وجوہات یا دیگر عوامل کی بنا پر ویکسی نیشن سے استثنٰیٰ نہیں مانگا تھا ۔ایئر فورس کی ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ فی الحال صرف ایئر فورس ہی وہ واحد سروس ہے جس نے ویکسی نیشن سے انکار پر اہل کاروں کو ملازمتوں سے فارغ کیا ہے۔ا±نہوں نے کہا کہ احکامات نہ ماننے پر سروس ممبرز کو برخاست کرنا کوئی نئی بات نہیں ہے۔ رواں برس ایئر فورس کے 1800 ملازمین کو مختلف انتظامی وجوہات یا حکم ماننے سے انکار پر فارغ کیا جا چکا ہے ۔
ایئر فورس کی جانب سے فراہم کیے گئے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق لگ بھگ ایک ہزار اہل کاروں نے کورونا ویکسین لگوانے سے یکسر انکار کیا جب کہ 4700 نے مذہبی استثنٰیٰ چاہا تھا۔حکام کے مطابق گزشتہ ہفتے تک ایئر فورس کے 97 فی صد ملازمین نے کرونا ویکسین کی کم سے کم ایک ڈوز لگوا لی تھی۔دوسری جانب امریکی فوج نے ڈیوٹی پر موجود اہل کاروں کو بدھ تک جب کہ نیشنل گارڈز اور ریزرو عملے کو آئندہ برس جون تک ویکسی نیشن کروانے کی مہلت دی ہے۔امریکی محکمہ دفاع پینٹاگان کے مطابق 10 دسمبر تک مسلح افواج کے 96.4 فی صد اہل کاروں نے ویکسین کی کم سے کم ایک ڈوز لگوا لی ہے ۔