ابوظہبی: (اے یو ایس) متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کے اسٹریٹجک شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے 10 ارب ڈالر کا فنڈ قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یو اے ای کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ”وام“ کے مطابق اس فنڈ کے ذریعے متحدہ عرب امارات اسرائیل کے ساتھ توانائی، مینوفیکچرنگ، پانی، خلاء ، صحت کی دیکھ بھال اور ایگری ٹیک سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کرے گا۔ سرمایہ کاری فنڈ دونوں ممالک کے مابین علاقائی اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے لئے ترقیاتی اقدامات کی حمایت کرے گا۔
فنڈ مختص سرکاری اور نجی شعبے کے اداروں سے ہوگا۔یہ فنڈ تاریخی ابراہیمی معاہدوں کی روشنی میں قائم کیا گیا ہے اور اس کا مقصد خطے کی دو ترقی پذیر معیشتوں، معاشی و اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے کے لئے سرمایہ کاری اور شراکت کے مواقع کے مابین معاشی تعلقات کو تقویت دینا ہے۔
یہ اقدام امریکہ کی حمایت کے ساتھ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان ہونے والے تاریخی امن معاہدے کا لازمی جزو ہے اور خطے کے لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنا کر امن کے فوائد کو ظاہر کرتا ہے۔ یہ تینوں ممالک کے مابین دوستی اور تعاون کے نئے جذبے کا مظہر ہے اور ساتھ ہی اس خطے کو آگے بڑھانے کے لئے ان کی مشترکہ خواہش کا اظہارہے۔