ابوظہبی :(اے یو ایس ) متحدہ عرب امارات میں کوروناوائرس کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں معمولی کمی واقع ہوئی ہے۔اتوار کوقریباً چھے ماہ کے بعد پہلی مرتبہ یواے ای میں کروناوائرس کے سب سے زیادہ یومیہ کیس ریکارڈ کیے گئے تھے اور گذشتہ 24 گھنٹے میں اس مہلک وائرس کے 1800 سے زیادہ کیسوں کی تشخیص ہوئی تھی۔وزارت صحت نے پیر کو کوویڈ-19 کے 1732 نئے کیسوں کی تصدیق کی اطلاع دی ہے۔پہلے سے اس مہلک وائرس کاشکار 608 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں اور ایک مریض چل بسا ہے۔وزارت صحت نے یہ واضح نہیں کیا کہ آیا نئے مریضوں میں اومیکرون کا بھی کوئی کیس ہے۔
اس نے یکم دسمبرکو دنیا میں تیزی سے پھیلنے والی وائرس کی اس متعدی قسم کے پہلے کیس کی تشخیص کی اطلاع دی تھی۔حالیہ مہینوں میں یواے ای میں کورونا وائرس کے یومیہ کیسوں میں سست رفتاری سے مسلسل اضافہ ہو رہا ہے لیکن آخری بار 29 جون کو روزانہ کیسوں کی سب سے زیادہ تعداد 2184 کیس ریکارڈ کی گئی تھی۔اب تک ملک میں کووڈ-19 کے کل 753,065 کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ان میں 2,159 مریضوں کی اموات ہو چکی ہیں۔یواے ای میں کوروناوائرس کی روک تھام کے لیے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل درآمد کیا جاتا رہا ہے اور وہ شہریوں اور مکینوں کو ویکسین لگانے کی شرح کے اعتبار سے بھی دنیا کے سرفہرست ممالک میں سے ایک ہے۔
اس میں شامل امارتوں نے حالیہ مہینوں میں کاروباروں کو کھلا رکھا ہے مگراس کے باوجود کم تعداد میں یومیہ کیس رپورٹ ہوئے تھے اوراس وائرس سے اموات کی شرح بھی کم رہی ہے۔یواے ای نے نومبر میں یہ اطلاع دی تھی کہ 100 فی صد آبادی کوکووڈ-19 ویکسین کی ایک خوراک لگائی جاچکی ہے اور 90.3 فی صد کو مکمل ویکسین لگائی گئی ہے۔خلیجی ملک نے تیزی سے پھیلنے والی نئی شکل اومیکرون سے متعلق بڑھتے ہوئے خدشات کے پیش نظر 18 سال سے زیادہ عمر کے ہر شخص کے لیے کوویڈ-19 ویکسین کی اضافی تقویتی خوراک لگانے کی منظوری دی ہے اوراس مقصد کے لیے ویکسین مقررہ مراکز پر دستیاب ہے۔
