ابو ظبی: یہاں تین تیل ٹینکروں میں دھماکوں اور ابو ظبی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر آتشزدگی کے واقعات میں کم از کم تین افراد ہلاک اور 6دیگر زخمی ہو گئے۔ بو ظبی پولس نے ہلاک شدگان کی شناخت دو ہندوستانیوں اور ایک پاکستانی کے طور پر کی ہے۔لیکن زخمیں کی ابھی شناخت نہیں کی جا سکی ہے۔پولس نے کہا کہ زخمیوں میں سے کچھ کو گہرے اور کچھ کو معمولی زخم آئے ہیں۔چونکہ ابتدائی تحقیقات میں جائے حادثہ سے ایک طیارے کے کچھ حصے ملے ہیں جس سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ ڈرون حملہ تھا اور یہ حملہ ہی ٹینکروں میں دھماکے اور آگ لگنے کا باعث بنا ہے۔
دریں اثنا یمن کے حوثی باغیوں نے بھی حملے کی ذمے داری قبول کر کے اس خدشہ کی تصدیق کر دی۔واضح ہو کہ حوثی باغیوں کی جانب سے اکثر سعودی عرب پر ڈرون حملے کیے جاتے رہے ہیں لیکن متحدہ عرب امارات حوثیوں کا خٓص یا اصل ہدف نہیں رہا اور اگر کوئی حملے ہوئے بھی تو اور ان میں سے اکثر کو اماراتی حکام نے ناکام بنا دیا۔متحدہ عرب امارات کی امور خارجہ اور عالمی تعاون کی وزارت نے ممکنہ ڈرون حملے کی مذمت کرتے ہوئے ذمے داران کو سزا دینے کا تہیہ کیا اور کہا کہ متحدہ عرب امارات دہشت گرد حملے اور اشتعال انگیزی کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
