UK Announces "Gradual And Cautious" 4-Step Plan To Ease Covid Lockdownتصویر سوشل میڈیا

لندن: (اے یو ایس ) برطانیہ کے وزیرِ اعظم بورس جانسن نے دوشنبہ کو انگلینڈ میں لاک ڈاؤن ختم کرنے کے لیے ایک چار نکاتی ”بتدریج اور محتاط“ منصوبہ کا اعلان کیا ہے۔

اعلان میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس بندشوں میں نرمی لانے سے امید ہے کہ جون کے اواخر تک عام زندگی معمول پر آجائے گی۔

اس منصوبہ پر عمل آوری کا آغاز 8مارچ سے طلبا کی اسکول آمد اور 12اپریل سے غیر ضروری خوردہ دکانوں اور کاروبار کھول دینے سے ہوگا۔17مئی سے کچھ کھیل شوقینوں کو کھیلوں سے لطف اندوز ہونے کا موقع مل سکے گا اور21جون سے سماجی دوری کی تمام بندشیں ہٹا لی جائیں گی۔لیکن یہ تمام معاملات سائنسی اعداد و شمار سے مشروط ہیں۔

قبل ازیں جانسن نے اعلان کیا تھا کہ وہ پیر کو لاک ڈاﺅن کے خدشات کو ختم کرنے کے لیے ایک جامع منصوبہ پیش کریں گے۔وزیرِ اعظم آفس ‘ٹین ڈاﺅننگ اسٹریٹ’ سے جاری بیان ک میں کہہ دیا گیا تھا کہ اسکولوں میں تدریسی عمل بحال کرنا اور لوگوں کو محفوظ انداز سے اپنے پیاروں سے ملنے کی اجازت دینا بورس جانسن کی بنیادی ترجیح ہے۔

اور اس ضمن میں وزیر اعظم پیر کو ایوان میں کرونا وائرس سے نمٹنے اور پابندیوں میں نرمی سے متعلق اپنی نئی حکمتِ عملی بیان کریں گے اور وہ اس سلسلے میں نیوز کانفرنس بھی کریں گے۔

یاد رہے کہ برطانیہ کرونا وائرس سے یورپ کا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں گزشتہ برس دسمبر میں سب سے پہلے کرونا ویکسی نیشن مہم کا آغاز کیا گیا اور اب تک ایک کروڑ 70 لاکھ سے زیادہ افراد ویکسین کی پہلی خوراک لگوا چکے ہیں۔عالمی وبا سے برطانیہ میں اب تک ایک لاکھ 20 ہزار سے زیادہ اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *