لندن : یونائیٹڈ کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی (یو کے پی این پی)یورپ زون کے سکریٹری اطلاعات ساجد حسین نے کہا ہے کہ ہم پاکستان سے آزادی چاہتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے ارباب اقتدار سے کہا کہ ہمیں آپ کی جانب سے اپنے لیے اظہار یکجہتی نہیں چاہتے ہمیں تو بس اپنے تسلط سے آزاد کر دیں کیونکہ اب ہم اس طو ق غلامی سے جو آپ لوگوں نے بے بس وبے یارومددگار کشمیریوں کے گلے میں ڈال رکھا ہے سے نجات پانا چاہتے ہیں۔اگر آپ لوگوں کو کشمیر کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا ہے تو ان کے ان کے حقوق دیں ۔
انہوں نے کہا کہ5فروری یوم یکجہتی نہیں ”یوم فریب دہی “(فراڈ ڈے)ہے ۔آج بھی گلت بلتستان اور ”آزاد کشمیر “ کے لوگ نہایت کسمپرسی کی زندگی گذار رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نام نہاد آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے قدرتی وسائل کی لوٹ کھسوٹ بند کردیں۔انہوں نے کہا کہ لعنت ہے تم پر کہ وسائل ہمارے اور قبضہ تمہارا۔ یہ ہمیں ہرگز منظور نہیں ۔ہمیں یوم یکجہتی کی نہیں آزادی کی ضروت ہے ۔ ہمیں یوم یکجہتی سے بہلایا نہ جائے بلکہ ہمیں مکمل آزادی دی جائے۔ پہلے ہمارے بنیادی حقوق بحال کرو اس کے بعد یوم یکجہتی مناؤ۔ساجد نے یہ بھی کہا کہ قانون74سے تفریق برتنے والے تمام قوانین حذف کیے جائیں اور قوم پرستوں کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دی جائے۔
انہوں نے یہ بھی معلوم کیا کہ آخر پاکستان نے کس جرم کی پاداش میں یو کے پی این پی کے موجودہ چیرمین سردار شوکت علی کشمیری کو جبراً جلاوطن کیا ۔ یونائیٹڈ کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان سردار ناصر عزیز خان نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیرکے نام پر کشمیریوں کےساتھ فراڈ کا سلسلہ بند کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ شہہ رگ اور الحاق دھوکہ دہی کے سوا کچھ نہیں ۔ مکمل آزادی اور خود مختاری ہی کشمیریوں کی اول آخر منزل ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یو کے پی این پی کے قائد سردار شوکت علی کشمیری کی قیادت میں مکمل آزادی اور خود مختاری کی جدو جہد جاری رکھیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشیر کی تاریخ میں یوم یکجہتی کی کوئی افادیت ہے نہ کوئی مناسبت۔بلکہ اس آڑ میں پاکستان کشمیریوں کو بے وقوف بنا رہا ہے اور اپنا الو سیدھا کر رہا ہے۔دریں اثنا یو کے پی این پی کے قائد سردار شوکت علی کشمیری نے کہا کہ کتنے شرم کی بات ہے کہ ایک ناکام ملک پاکستان اپنے آئین میں ترمیم اور گلگت بلتستان کو اپنا پانچواں صوبہ بنارہا ہے۔