احمد آباد/نئی دہلی: وزیر اعظم برطانیہ، جنہیں جمعرات کے روز پارٹی گیٹ پارلیمانی ووٹ کا سامنا کرنا ہے، جمعرات کے ہی روز اپنے کچھ پروگراموں کے سلسلہ میں ،جن میں روزگار رخی سرمایہ کاری اور تاجر برادری کے رہنماو¿ں سے ملاقاتیں بھی شامل ہیں، ہندوستان کے شہر احمد آباد پہنچ گئے۔
وہ اس موقع پر تاریخی شہر احمد آباد کا، جو برطانیہ میں اقامت پذیر نصف اینگلو انڈین آبادی کا شہر ہے،ثقافتی دورہ بھی کریں گے۔ اگر عالمی وبا کے موقع پر لاک ڈاؤن قوانین کی مجرمانہ خلاف ورزی سے متعلق پارٹی گیٹ تنازعہ سے انہیں کچھ راحت مل گئی تو وہ وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرنے اور انہیں روس کے خلاف پابندیوں کے حوالے سے مغرب کا ساتھ دینے پر تیار کرنے کے لیے احمد آباد سے دہلی آئیں گے ۔لیکن انہیں روس کے خلاف مغرب کی کارروائی کی حمایت پر اپنے متذبذب ہم منصب نریندر مودی کو آمادہ کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
قبل ازیں جانسن کے دورہ ہند ، جو ہردو ممالک میں کوویڈ19-کے باعث دو بار ملتوی ہو چکا ہے ، اس بار بھی مشکوک تھا کیونکہ پارلیمنٹ میں جانسن کو پارٹی گیٹ تنازعہ پر ووٹنگ کا سامنا کرنا تھا اور حزب اختلاف ان کے استعفے کا مطالبہ کر رہی تھی۔لیکن یو کے ذرائع نے بتایا کہ اس بار اس دورے کو اتنا اہم سمجھا گیا کہ اسے پھر ملتوی نہیں کیا جا سکتا تھا۔ڈاؤننگ اسٹریٹ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس دورے کے دوران ایک بلین پونڈ سے زائد کا دو رخی سرمایہ کاری معاہدہ ہوگا جس کی رو سے برطانیہ میں روزگار کے کم و بیش 11ہزار مواقع پیدا ہوں گے۔
