کابل: اسلامی امارات افغانستان کے نائب وزرا اعظم ملا عبد الغنی برادر اور عبد السلام حنفی نے منگل کی شام میں برطانوی وزیر اعظم کے خصوصی مشیر سائمن گاس سے ملاقات کی۔ برادر اور حنفی نے اس ملاقات میں کہا کہ اسلامی امارات دنیا کے تمام ممالک سے خوشگوار اور عمدہ تعلقات چاہتا ہے اور وہ کسی بھی ملک کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی کے لیے سرزمین افغانستان کو استعمال نہیں کرنے دیں گے اور نہ ہی افغانستان سے کسی کو کسی ملک کے لیے خطرہ بننے دیں گے۔
نائب وزرائے اعظم نے یہ بھی کہا کہ وہ دوست ممالک اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ مل کر غربت سے لڑنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔بیان کے مطابق حنفی او ر برادر نے کہا کہ اسلامی امارات افغانستان بین الاقوامی انسانی ہمدردی و امدادی تنظیموں کے لیے راہیں ہموار کرے گا تاکہ وہ پسماندہ اور مفلوک الحال افغانوں کو امداد بہم پہنچا سکیں۔ بیان کے مطابق مسٹر گاس نے کہا کہ برطانیہ بھی امارت اسلامیہ کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے اور یہ کہ افغانستان میں غربت اور بے روزگاری کسی کے لیے مفید نہیں ہے۔
گاس نے مزید کہا کہ ان کا ملک افغانستان کو انسانی امداد کی فراہمی جاری رکھے گا تاہم یہ امداد اقوام متحدہ اور بین الاقوامی امدادی تنظیموں کے ذریعے ضرورت مندوں تک پہنچائی جائے گی۔مسٹر گاس نے افغان لڑکیوں کی تعلیم کی اہمیت پر بھی زور دیا۔دریں اثنا ، وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ مسٹر گاس نے نگراں وزیر خارجہ عامر خان متقی سے بھی ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی پر تبادلہ خیال کیا۔