اسلام آباد: پاکستان کے مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل کو، جنہوں نے اپنا آخری ٹسٹ میچ زمبابوے کے خلاف2011میں اور ون ڈے انٹرنیشنل 2019میں آسٹریلیا کے اور ٹی 20-سری لنکا کے خلاف2019میںہی کھیلا تھا، پاکستان کرکٹ بورڈ نے انسداد بدعنوانی ضابطہ کی دفعہ4.7.1کے تحت فوری طور پر معطل کر دیا۔
اب وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ کی معرض التوا میں پڑی تحقیقات مکمل ہونے تک کسی قسم کی کرکٹ یا کرکٹ سے متعلق کسی پروگرام میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے معطلی کا اعلان تو کر دیا لیکن یہ نہیں بتایا کہ انہیں کس جرم میں معطل کیا گیا ہے۔
اس معطلی سے یہ واضح ہو گیا ہے کہ عمر اکمل آج سے(جمعرات) شروع ہونے والی پاکستان سوپر لیگ میں اعزاز کے دفاع میں کوئٹہ گلیڈیے ٹرز کی جانب سے نہیں کھیل سکیں گے ۔کوئٹہ گلیڈیے ٹرز کا پہلا میچ آج ہی اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ہونا ہے۔ آخری لمحات میں عمر اکمل کی معطلی کے باعث کوئٹہ کی ٹیم کو عمر اکمل کےمتبادل کے لیے درخواست دینے کی اجازت دے دی گئی۔
عمر اکمل اکمل برادران کامران اور عدنان میں سے ایک ہیں۔ جبکہ پاکستان کی موجودہ رن مشین بابر اعظم ان کے کزن ہیں۔
عمر اکمل 16ٹسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں اور اس دوران انہوں نے ایک سنچری اور6ہاف سنچریوں کے ساتھ1003رنز بنائے جبکہ121ون ڈے میچز میں انہوں نے 2سنچیاں اور20ہاف سنچریوں کے ساتھ3194اور 84ٹی 20-میچوں میں8ہاف سنچریوں کی مدد سے1690رنز بنائے۔