لاہور: اس بات کا علم ہونے کے بعد کہ معروف مزاحیہ اداکار عمر شریف کی 34سالہ بیٹی حرا عمر کی موت گرد ے کی غیر قانونی پیوندکاری کے بعد پیچیدگیاں پیدا ہوجانے کے باعث ہوئی ہے انسانی اعضاءپیوندکاری اتھارٹی (ایچ او ٹی اے) اور وفاقی تحقیقاتی ایجنسی کی ایک مشترکہ ٹیم نے مرحومہ کو پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں کسی نامعلوم مقام پر لے جا کر ان کے گردے کی پیوند کاری کرنے والے پیوند کاری سرجن ڈاکٹر فواد ممتاز کی بحریہ ٹاؤن میں واقع رہائش گاہ پر چھاپہ مارا۔
ایک سرکاری عہدیدار کے مطابق لاہور جنرل اسپتال میں ملازم ڈاکٹر فواد پنجاب کے مختلف حصوں میں انسانی اعضاء کے دھندے کا ایک نیٹ ورک چلانے کے لیے بدنام ہیں۔اس سرکاری عہدیدار نے مزید بتایا کہ اس بات کا علم ہونے کے بعد کہ ڈاکٹر فواد گرفتاری سے بچنے کے لیے مشترکہ ٹیم کے پہنچنے سے پہلے ہی فرار ہو گئے ہیں مشترکہ ٹیم بے نیل و مرام لوٹ آئی۔
مشترکہ ٹیم نے یہ کارروائی عمر شریف کے بیٹے جواد عمر کی اس شکایت پر جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ان کی بہن حعرا شریف کی موت ڈاکٹر فواد ممتاز کے ذریعہ غیرقانونی طور پر گردے کی پیوندکاری کے جانے کے باعث ہوئی ہے۔
اور اس علاج کے لیے ڈاکٹر فواد نے 34لاکھ روپے لیے تھے۔اور پیوندکاری کے لیے وہ ان کی بہن کو پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں کسی نامعلوم مقام پر لے گئے تھے۔
تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ کیا گھر والے اس بات سے باخبر تھے کہ یہ غیر قانونی پیوند کاری ہے۔جان کو خطرہ لاحق ہوجانے لے بعد ان کی بہن کو رائے ونڈ روڈ پر ایک نجی اسپتال میں داخل کر دیا گیا جہاں و ہ دوشنبہ کو انتقال کر گئیں۔