اقوام متحدہ: اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ میں ایک سیاسی ریلی میں کیے گئے خودکش بم دھماکے کی، جس میں کم از کم 54 افراد ہلاک و سیکڑوں و زخمی ہوئے، شدید مذمت کی، اقوام متحدہ کے ترجمان نے پیر کے روز یہ بتاتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے سربراہ نے پاکستانی حکام سے کہا ہے کہ یہ سفاکانہ کارروائی کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے کوئی دقیقہ فرو گذاشت نہ کیا جائے۔
گوٹیرس کے نائب ترجمان فرحان حق نے ایک پریس میں مزید کہا کہ سیکریٹری جنرل ہلاک شدگان کے لواحقین سے دلی تعزیت کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات پیش کرتے ہیں۔ حق نے یہ بھی کہا کہ جنرل سکریٹری نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ دہشت گردی کے تمام واقعات اور شہریوں کے خلاف ٹارگٹ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں اور اس لعنت کا مقابلہ کرنے کے لیے پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ واضح ہو کہ دولت اسلامیہ فی العراق و الشام (داعش)نے پیر کے روز ہوئے خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
دریں ا ثنا جمعیت علمااسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ سانحہ باجوڑ نے پوری امت کو نڈھال کردیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جے یو آئی کی مرکزی مجلس شوریٰ کا اجلاس طلب کرلیا گیاہے۔ایک بیان میں فضل الرحمان نے کہا کہ سفاکوں نے امن کے نام سے ہونے والے اجتماع پر جو دہشت گردانہ حملہ کیا وہ صرف جے یو آئی پر نہیں بلکہ پورے پاکستان اور امت مسلمہ پر حملہ ہے۔