پیانگ یانگ:شمالی کوریا نے امریکہ پر الزام لگایا کہ وہ یوکرین کی افواج کو ایف 16 لڑاکا طیارے فراہم کر کے یوکرین کے بحران کو عالمی جوہری تباہی کی طرف لے جا رہا ہے۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ امریکہ کو روس کے ساتھ شمالی کوریا کے فوجی تعاون پر تنقید کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔قبل ازیں شمالی کوریا نے یوکرین کو کلسٹر گولہ بارود سمیت دیگر بھاری اسلحہ دینے کی مذمت کی اور اس امر کی تردید کی کہ اس نے یوکرین کے ساتھ جنگ میں روس کی حمایت کرنے کے ساتھ ساتھ روس کو توپ خانے، راکٹ اور میزائل بھی فراہم کیے تھے۔
شمالی کوریا روس کے ساتھ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کی کوشش میں ہے اور گذشتہ ماہ روسی وزیر دفاع سرگئی شوئیگو کو کوریائی جنگ کے خاتمے کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر ہونے والی تقریبات میں مدعو کیا تھا۔سرکاری خبر رساں ایجنسی کے سی این اے نے شمالی کوریا کے وزیر دفاع کانگ سن نام کے حوالے سے کہا کہ امریکہ کو دفاعی شعبہ میں خود مختار ممالک کے درمیان عام نوعیت کے تعاون پر تنقید کرنے کا کوئی قانونی حق یا اخلاقی جواز حاصل نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کٹھ پتلی زیلنسکی حکومت کو ایف 16 لڑاکا طیاروں کی فراہمی کے ذریعے یوکرین کے بحران کو عالمی جوہری جنگ کے دہانے پر پہنچانے کا ذمہ دار امریکہ ہی ہے۔
