واشنگٹن: افغانستان کے لیے امریکا کے خصوصی نمائندے تھامس ویسٹ نے افغانستان کے منجمد اثاثے جاری کرنے کے حوالے سے امریکی کانگریس کو ارسال کردہ اسلامی امارات کے مکتوب کا ٹوئیٹر کے توسط سے جواب دیا۔ اسلامی امارات نے امریکی کانگریس کو ایک خط لکھا جس میں افغانستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو جاری کرنے کا مطالبہ کیا گیاہے ۔ خط میں کہا گیا کہ افغانستان میں مالی اور اقتصادی مسائل کی ایک بڑی وجہ امریکی مرکزی بینک کے زرمبادلہ کے منجمد ذخائر ہیں۔
خط کے جواب میں ویسٹ نے کہا کہ افغانستان سابقہ حکومت کے گرنے سے پہلے سے ہی انسانی بحران سے گذر رہا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امارت اسلامیہ کی جانب سے امریکی کانگریس کو لکھے گئے خط میں افغانستان میں معاشی مسائل اور انسانی بحران کی وجہ کو غلط بیان کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے افغانستان اگست کے وسط سے پہلے ہی ایک خطرناک انسانی بحران کا شکار تھا اور اس بحرا ن کو برسوں کی جنگ، برسوں کی خشک سالی اور کورونا کی وبا نے مزید بڑھا دیا تھا۔
ویسٹ نے کہا ہے کہ امریکی حکام نے حالیہ برسوں میں طالبان سے کہا ہے کہ طاقت کے ذریعے اقتدار پر قبضہ کرنے سے افغانستان کے لیے انسانی امداد کے علاوہ بین الاقوامی امداد بند ہو جائے گی۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کی معیشت کا بہت زیادہ انحصار غیر ملکی امداد پر ہے ۔امریکی حکام برسوں سے طالبان یہ کہتے آرہے ہیں کہ اگر انہوں نے دوسرے افغانوں کے ساتھ افہام و تفہیم اور مذاکرات سیاسی سمجھوتہ کرنے کے بجائے فوجی کارروائی سے اقتدار پر قبضہ کیا تو یہ بین الاقوامی برادری کی طرف سے معیشت میں سدھار کے لیے دی جانے والی غیر انسانی انسانی امداد میں کٹوتی کر دی جائے گی۔ اور ایسا ہی ہوا۔
