US, EU demands investigation into journalist Shireen Abu Akleh deathتصویر سوشل میڈیا

واشنگٹن:(اے یو ایس ) امریکہ اور یورپی یونین نے فلسطینی نژاد امریکی خاتون صحافی شیرین ابو عاقلہ کی ہلاکت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس کی موت کی مکمل تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ملزمان کوجلد از جلد کٹہرے میں لاکر کھڑا کیا جائے ۔اقوام متحدہ میں امریکی سفیرلنڈا تھامس گرین فیلڈ نے کہا کہ ابو عاقلہ کی موت کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئے۔ اسی دوران بدھ کے روز امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ مغربی کنارے میں خاتون صحافی کی ہلاکت اور ان کے پروڈیوسر علی سمودی کے زخمی ہونے کا سن کر دکھ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری ہمدردیاں شیرین کے خاندان، ان کے دوستوں اور ہمدردوں کے ساتھ ہیں اور ہم شیرین کے قتل کی مذمت کرتے ہیں۔ نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ آزاد میڈیا پر ہونے والے حملوں کی تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور ہم میڈیا کی آزادی اور صحافیوں کے تحفظ کے فروغ کے لیے کام جاری رکھیں گے۔

ان کے بقول شیریں ابو عاقلہ کی المناک موت ایک بڑا نقصان اور آزاد میڈیا کی توہین ہے۔یاد رہے کہ بدھ کو اسرائیلی فورسز کی مغربی کنارے کے علاقے جنین میں کارروائی کے دوران گولی لگنے سے شیرین عاقلہ ہلاک ہو گئی تھیں جب کہ ان کے ساتھی صحافی علی سمودی زخمی ہوئے تھے جن کی حالت اب خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *