کیف:(اے یو ایس)امریکی انٹیلی جنس کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ روس نے یوکرین پر حملے کی تیاری تیز کر دی ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق انٹیلی جنس رپورٹ میں توقع ظاہر کی گئی ہے کہ حملے کی صورت میں یوکرین کے دارالحکومت کیف کا سقوط دو روز میں ہو جائے گا۔ادھر امریکی فوج نے اپنی عسکری کمک پولینڈ پہنچنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اقدام روسی یوکرینی تناو¿ کے باعث تشویش کا شکار اتحادیوں کے اطمینان کے سلسلے میں ہے۔
امریکی ایئربورن 18ویں ڈویڑن کے ترجمان نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ اس ڈویژن کی موجودگی کا مقصد یورپ میں امریکی افواج کو تقویت پہنچانا ہے۔ مزید یہ کہ 18واں ڈویژن لڑائی میں مہارت رکھنے والے اہل کاروں پر مشتمل ہے اور اس کا مقصد روسی جارحیت کو منہ توڑ جواب دے کر ہزیمت سے دوچار کرنا ہے۔
ادھر پولینڈ کی فوج کے ترجمان کے مطابق امریکی بریگیڈز کا 1700 فوجیوں پر مشتمل زیادہ بڑا حصہ جلد ہی پولینڈ پہنچے گا۔امریکا نے بدھ کے روز اعلان کیا تھا کہ وہ ناٹو اتحاد کے ممالک کے دفاع کے واسطے 3 ہزار اضافی فوجیوں کو یورپ بھیجے گا۔امریکی صدر جو بائیڈن نے جنوری کے اواخر میں 8500 امریکی فوجیوں کی نئی فورس کو مستعد حالت میں کر دیا تھا۔ ان فوجیوں کو ضرورت پڑنے پر ناٹو کے زیر انتظام فوری رد عمل کی فورس میں بھیجا جائے گا۔