واشنگٹن: انسانی حقوق کے کارکنوں کے مطابق میکسیکو کی سرحد پر سرحدی گشتی پولس نے حال ہی میں حراست میں لیے گئے تقریباً 50 سکھ پناہ گزینوں کی پگڑیاں ضبط کرلیں ۔امریکی حکام نے انسانی حقوق کے کارکنوں کے دعوو¿وں کی تحقیقات کرنا شروع کر دی ہے۔ یہ اطلاع میڈیا رپورٹس میں دی گئی ہے۔ سکھ مت کی روایت کے مطابق مردوں کو پگڑی باندھنی ہوتی ہے اور بال نہیں کٹوانے ہوتے۔ انسانی حقوق کے کارکنوں کے مطابق سرحدی گشتی فوجیوں نے تقریبا 50 سکھ تارکین وطن کی مذہبی پگڑیاں ضبط کر لی تھیں۔
اے بی سی نیوز نے کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن (سی بی پی)کمشنر کرس میگنس کے حوالے سے بدھ کو کہا کہ ہم ان الزامات کو بہت سنجیدگی سے لے رہے ہیں۔ اس کے بعد فوری اقدامات کرنا شروع کر دیے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ سی بی پی کے ملازمین کا سامنا جن مہاجرین سے ہوتا ہے ، ان کے ساتھ وہ احترام کے ساتھ پیش آئیں گے۔ اس معاملے کی داخلی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔