لاس اینجلس: امریکہ نے ہندوستان اور روس کی دوستی کو توڑنے کے لیے کمر کس لی ہے اور اس جانب پیش رفت کرتے ہوئے اس نے روسی ہتھیاروں پر ہندوستان کا انحصار کم کرنے کے لیے ایک معاہدہ تیار کر لیا ہے۔ بائیڈن انتظامیہ کی جانب سے ہندوستان کو 500 ملین ڈالر کے ہتھیاروں کی پیشکش کا اشارہ مل رہا ہے۔
اس کے ساتھ ہی فرانس جیسے ممالک سے بھی مودی حکومت کی مدد کرنے کو کہا جا رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ، یوکرین کی فوج کو اربوں ڈالر مالیت کا اسلحہ دے کر روس کی فوج میں تباہی مچانے کے لئے امریکہ اب ولادیمیر پوتن کے دوستوں پر نظریں جمائے ہوئے ہے۔ امریکہ اب ہندوستان کے لیے فوجی امدادی پیکج تیار کر رہا ہے تاکہ نئی دہلی کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔ نیز روسی ہتھیاروں پر ہندوستان کا انحصار کم کیا جا سکتا ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ امریکی ہتھیاروں کا یہ مکمل پیکج 500 ملین ڈالر کا ہو سکتا ہے۔خبر رساں ایجنسی بلومبرگ نے اس پورے معاملے سے متعلق ایک شخص کے حوالے سے بتایا کہ 500 ملین ڈالر کی فوجی امداد کے بعد ہندوستان اسرائیل اور مصر کے بعد اس طرح کی امداد حاصل کرنے والا تیسرا بڑا ملک بن جائے گا۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ معاہدے کا اعلان کب کیا جائے گا یا کون سے ہتھیار شامل کیے جائیں گے۔ ایک سینئر امریکی عہدیدار نے کہا کہ امریکہ کا یہ قدم صدر جو بائیڈن کی ہندوستان کو طویل مدتی سیکورٹی اتحادی بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
