ماسکو:(اے یو ایس)واشنگٹن نے یوکرین پر روس کے حملے کے عالمی سیکورٹی پر مرتب ہونے والے سنگین خطرات سے خبردار کیا ہے۔ دوسری جانب چین نے امریکا کو باور کرایا ہے کہ روس کے سیکورٹی خدشات کو بھی سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے۔ امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس کے مطابق امریکی وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن نے جمعرات کے روز اپنے چینی ہم منصب وانگ یی سے ٹیلفونی گفتگو میں قائل کرنے کی کوشش کی کہ یوکرین کے خلاف روسی جارحیت سے عالمی امن اور معیشت کو خطرہ ہے۔
پرائس کے مطابق بلنکن نے زور دیا کہ جارحیت میں کمی لانا اور سفارت کاری یہ آگے بڑھنے کے دو راستے ہیں۔بات چیت میں چینی وزیر خارجہ نے اپنے امریکی ہم منصب کو باور کرایا کہ روس کی جانب سے پیش کردہ سیکورٹی کے منطقی اندیشوں کو سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہے۔چینی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق وانگ یی نے ٹیلیفون پر رابطے میں میں کہا کہ عسکری بلاکوں کو مضبوط بنانے یہاں تک کہ توسیع دینے سے علاقائی امن کو یقینی نہیں بنایا جا سکتا ۔
وانگ یی نے بلنکن کو آگاہ کیا کہ اس وقت اولین ترجیح اس بات کو دی جائے کہ امریکا موسم سرما کے آئندہ اولمپکس میں مداخلت سے باز رہے جو بیجنگ میں منعقد ہوں گے۔ چینی وزیر خارجہ نے باور کرایا کہ امریکا کو تائیوان کے معاملے کے حوالے سے بھی آگ سے کھیلنے سے گریز کرنا ہو گا۔اس سے قبل امریکی وزیر خارجہ کی خاتون معاون وینڈی شیرمن نے بدھ کے روز کہا تھا کہ امریکا یہ سمجھتا ہے کہ روسی صدر ولادی میر پوتین تمام دباؤ کے باوجود فروری کے وسط تک یوکرین کے خلاف طاقت کے استعمال کے لیے تیار ہیں۔ادھر یوکرین میں امریکی سفارت خانے نے ایک بار پھر امریکی شہریوں پر زور دیا ہے کہ یوکرین سے فوری کوچ کو مد نظر رکھیں۔
