بارہ بنکی: (اے یوایس) اتر پردیش کے بارہ بنکی میں بدھ کے روز ایک دردناک سڑک حادثے میں ایک ہی خاندان کے5 افراد سمیت چھ افراد ہلاک ہو گئے۔ مرنے والوں میں دو بچے بھی شامل ہیں۔پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق لکھنؤ سے اجودھیا جا رہی کار ہائی وے پر کھڑے کنٹینر سے ٹکرا گئی۔ یہ واقعہ علی الصباح چار بجے کے قریب پیش آیا۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔پولیس کے مطابق صبح تھانہ پٹرنگا ضلع اجودھیا علاقہ کے شجاع گنج حیات نگر کا رہنے والا اجے کمار اپنی بیوی اور دو بچوں سمیت چھ لوگوں کے ساتھ گھر واپس لوٹ رہا تھا۔ جیسے ہی وہ رامسنہی گھاٹ تھانہ علاقہ کے قومی شاہراہ پر پہنچے تبھی نارائن پور موڑ کے پاس ان کی کار سڑک کے وسط کھڑے کنٹینر سے ٹکرا گئی۔حادثہ اتنا زبردست تھا کہ کار کے پراخچے اڑ گئے۔
حادثے میں کار میں سوار تمام افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ مرنے والوں کی شناخت 35 سالہ اجے ورما ، اس کی بیوی 30 سالہ سپنا ، دو بیٹے 8سالہ آرین اور دس سالہ یش اور اجے ورما کا بھائی 24 سالہ رام جنم اور ڈرائیور اجے کمار یادو کے طور پر ہوئی ہے۔پولس کے مطابق اجے کمار گجرات کے شہر سورت کا رہائشی او ر پیشہ سے تاجر تھا۔ وہ اپنے کنبہ کے ساتھ اجودھیا میں واقع اپنے گھر آ رہا تھا۔
