نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے یہ کہتے ہوئے کہ نو عمروں کو کوویڈ ویکسین مشن موڈ میں لگایا جانا چاہیے کورونا وبائی امراض سے نمٹنے کے لیے ضلع کی سطح پر صحت کے مناسب ڈھانچے کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ۔ گذشتہ روز کوویڈ کی صورتحال پر ایک اعلی سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کویڈ اثرات سے نمٹنے کی کوششوں کو عوامی تحریک میں تبدیل کرنا چاہیے۔
میٹنگ میں صحت کے بنیادی ڈھانچے اور تیاریوں، کویڈ ویکسینیشن اور اومیکرون کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاستوں کی صورت حال ،بہترین علاج اور صحت عامہ کے حوالے سے تبادلہ خیال کے لیے تمام وزراءاعلیٰ کا اجلاس بلایا جائے گا۔اجلاس میں وزیر اعظم کو اس وبا کی عالمی سطح پر صورت حال کو باخبر کیا گیا۔
وزارت صحت کے عہدیداروں نے ہندوستان میں اس وبا سے متاثرہ ریاستوں او ر اضلاع میں اس مرض کی صورت حال اور اس جانب وزارت کے کیے گئے اقدامات سے مطلع کیا ۔عہدیداروں نے 15تا18عمر کے بچوں کو ٹیکے لگانے میں پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔