نئی دہلی: معروف اداکار جگدیپ مختصر علالت کے بعد ممبئی کے باندرہ علاقہ میں واقع اپنی رہائش گاہ پر انتقال کر گئے۔ ان کا اصلی نام سید اشتیاق احمد جعفری تھا اور ان کی29مارچ1939کو امرتسر میں ولادت ہوئی تھی۔
ان کے قریبی خاندانی دوست پروڈیوسر محمود علی کے مطابق وہ ضعیف العمری میں لاحق ہوجانے والے کئی عارضوں میں مبتلا تھے۔ اور باندرہ میں اپنی رہائش گاہ پر ہی تھے۔انہوں نے بدھ کی رات ساڑھے آٹھ بجے آخری سانس لی۔ پسماندگان میں دو بیٹے جاوید جعفری اور نوید جعفری ہیں۔
جگدیپ کے پوتے اور جاوید کے بیٹے میزان نے بھی حال ہی میں بالی ووڈ میں قدم رکھا ہے۔جگدیپ نے کم و بیش400فلموں میں اداکاری کی ۔انہوں نے 1975میں ریلیز ہونے والی مقبول فلم شعلے میں سورما بھوپالی کا جو کردار ادا کیا تھاوہ کبھی بھلایا نہیں جاسکتا۔ 1994میں راج کمار سنتوشی کی فلم انداز اپنا اپنا میں سلمان خان کے باپ کے کردار میں بھی بہت مشہور ہوئے تھے۔
جگدیپ نے 1951میں بی آر چوپڑہ کی فلم’ افسانہ‘ میں، جس میں اشوک کمار، وینا اور پران تھے، چائلڈ آرٹسٹ کے طور پر اپنی فلمی زندگی شروع کی تھی۔
جگدیپ نے راج کپور کی” اب دلی دور نہیں“، خواجہ عباس کی” منا“، گورو دت کی” آر پار“، بمل راؤ کی” دو بیگھہ زمین“ اور اے وی ایم کی پیش کردہ” ہم پنچھی ایک ڈال کے“ فلم میں بھی چائلڈ آرٹسٹ کا کردار ادا کیا تھا۔اس کے بعد انہوں نے ”بھابی“ ،”برکھا“ اور جی پی سپی کی فلم ”برہمچاری“ سے بھی خوب شہرت پائی۔
