ہنوئی: ، جاپانی وزیر اعظم فومیو کیشیدا نے جنوب مشرقی ایشیا کے دورے کے دوران کہا کہ جاپان اور ویتنام نے اتوار کو یوکرین میں جنگ کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے اقتصادی اور سیکورٹی تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق کیاہے ۔کشیدا نے ہنوئی میں اپنے ہم منصب فام من چن سے ملاقات کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ ہم دو طرفہ تعلقات کو مضبوط کریں گے تاکہ کورونا وائرس کے تناظر میں دونوں ممالک کی معیشتوں کو دوبارہ بحالی کے واضح راستے پر گامزن کیا جا سکے۔
چن نے کہا کہ دونوں نے باہمی مفادات کی روشنی میں وبائی امراض کے بعد کی تجارت میں تعاون کو فروغ دینے، سپلائی چین کو مضبوط بنانے اور توانائی کی منتقلی پر اتفاق کیا ۔جاپان ویتنام کو سرکاری ترقیاتی امداد فراہم کرنے والا سب سے بڑا اور غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری کا تیسرا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔
ویتنام کے کسٹمز کے اعداد و شمار کے مطابق، دو طرفہ تجارت گزشتہ سال 8.4 فیصد بڑھ کر 42.9 بلین ڈالر تک پہنچ گئی۔کشیدا اور چن نے کہا کہ انہوں نے یوکرین پر روس کے حملے اور بحیرہ جنوبی چین کے تنازعات پر علاقائی ردعمل پر تبادلہ خیال کیا، جہاں چین، فلپائن، ویت نام، تائیوان، ملیشیا اور برونئی کے درمیان علاقائی دعوے ہیں۔کشیدا نے یوکرین کے بحران کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے اتفاق کیا کہ طاقت کے ذریعے جمود میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کو تسلیم نہیں کیا جا سکتا ۔ ہم نے جنگ کو فوری طور پر ختم کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔کشیدا نے کہا کہ وہ اور چن نے “بحیرہ جنوبی چین میں طاقت کے ذریعے موجودہ حیثیت کو تبدیل کرنے کی کسی بھی کوشش کی سختی سے مخالفت کرنے پر بھی اتفاق کیا۔
چن نے اعلان کیا کہ ویتنام نے بین الاقوامی تنظیموں کے ذریعے یوکرین کو انسانی امداد کے لیے $500,000 عطیہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ویتنام توقع رکھتا ہے کہ ستمبر میں جاپان کو لانگان کی برآمد شروع کر دے گا، اس کے بعد دیگر پیداوار جیسے کہ گریپ فروٹ،ناشپاتی اور ریمبوتان ، جب کہ جاپانی انگوروں کے لیے اپنی منڈی کھولے گا۔کیشیدا نے کہا کہ جاپان ویتنام میں بایوماس، ہائیڈروجن اور امونیا جیسے ذرائع کی طرف توانائی کی منتقلی کی حمایت کرے گا۔
