بغداد: (اے یوایس )عراق کے وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی نے کہا ہے کہ گذشتہ ہفتے ان کا سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کا دورہ انتہائی مفید اور کامیاب ثابت ہوا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ امارات اور سعودی عرب کا دورہ ہر اعتبار سے کامیاب رہا ہے۔
عراقی وزیراعظم کی طرف سے یہ بیان ان کے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے دوروں کے بعد سامنے آیا ہے۔ انہوں نے گذشتہ بدھ کو سعودی عرب کے دورے کے دوران ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی تھی۔
عراقی وزیراعظم نے سعودی عرب کے دورے کے دوران مختلف شعبوں میں تعاون کے 5 معاہدوں پر دستخط کیے۔ ان میں مالیات، تجارت، اقتصادیات، ثقافت اور ابلاغ شامل ہیں۔اس کے علاوہ عراقی اور سعودی وفود نے دونوں ملکوںکی سرحدی گذرگاہیں کھولنے پر بھی بات چیت کی۔
سعودی عرب کے دورے کے بعد مصطفیٰ الکاظمی واپس بغداد لوٹ گئے اور اتوار کو متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے پر ابوظبی پہنچے۔عراق کی سرکاری فضائی کمپنی نے حال ہی میں اعلان کیا تھا کہ وہ آئندہ مئی سے بغداد اور ابو ظبی کے درمیان براہ راست پروازیں شروع کرے گی۔
وزیراعظم الکاظمی سعودی عرب کے سرکاری دورے کے بعد وطن واپس ہو گئے تھے۔ سعودی عرب کے دورے کے دوران انہوں نے مملکت کی قیادت کے ساتھ ملاقاتیں کیں اور دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدے بھی طے پائے ہیں۔