ماسکو: برطانیہ کے ایک سا بق سراغرساں کرسٹوفر اسٹیل نے دعویٰ کیا ہے کہ روس کے صدر ولادمیر پوتین کو بلڈ کینسر کا عارضہ لاحق ہے۔ اسٹیل نے، جنہوں نے 2016 کے امریکی صدر کے انتخابات میں ڈونالڈ ٹرمپ اور روسی مداخلت کے حوالے سے مفصل معلومات پر مشتمل دستاویزات کا مجموعہ تیار کیا تھا، اسکائی نیوز کو بتایا کہ روس اور ادھر ادھر سے دستیاب ذراﺅ سے ہم جو کچھ سن رہے ہیں اس سے یہی نتیجہ اخذ کیا جا سکتا ہے کہ پوتین نہایت شدید علیل ہیں۔
اسی کے درمیان پوتین سے قریبی تعلقات رکھنے والے حکومت میں شامل ایک روسی شخصیت نے افشا ہونے والی ایک ویڈیو گفتگو میں،جس کی ریکارڈنگ ایک امریکی جریدے نیو لائنز کے پاس ہے، مبینہ طور پر کہا کہ روسی رہنما خون کے سرطان میں مبتلا ہیں ۔اس نامعلوم حکومتی شخصیت کو ایک مغربی سرمایہ دارکے ساتھ پوتین کی صحت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بلڈ کینسر کا بتاتے سنا گیا۔
روسی سرمایہ دار نے کہا کہ یوکرین پر ملہ کا حکم دینے سے عین قبل بلڈ کینسر کے باعث پوتین کی کمر کی سرجری ہوئی ہے ۔روسی صدر جنونی ہو گئے تھے۔ جب سے یوکرین جنگ شروع ہوئی ہے روسی صدر کی گرتی صحت کے حوالے سے زبردست قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔ اور گذشتہ ہفتہ کی تقریبات فتح تک جتنے بھی سرکاری پروگرام ہوئے ان میں پوتین بہت لاغر نظر آرہے تھے۔
