اسلام آباد: پاکستان کی پہلی ٹسٹ کرکٹ ٹیم کے آخری بقید حیات کھلاڑی وقار حسن طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے وہ87سال کے تھے۔ وقار مڈل آرڈر بلے باز تھے اور خوبصورت اسٹروک کھیلنے کے ماہر بلے بز کے طور پر جانے جاتے تھے۔
انہیں ملک کی ٹسٹ کرکٹ کے ابتدائی ایام میں پاکستان کا مرد بحران سمجھا جاتا تھا۔ انہوں نے 1952سے 1959 کے درمیان 21ٹسٹ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی اور31.50کی اوسط سے1071رنز بنائے۔وقار کے گھر والوں کے مطابق سابق کرکٹر نے دوشنبہ کی صبح آخری سانس لیا۔وقار حسن نے 17سال کی عمر میں فرسٹ کلاس ڈیبو کیا اور پاکستان کی پہلی ٹسٹ سریز کھیلنے 1952میں ہندوستان کا دورہ کیا۔
انہوں نے دہلی میں کھیلے گئے پاکستان کے ڈیبو ٹسٹ میچ میں 8اور 5رنز بنائے۔لیکن جب تیسرے ٹسٹ میچ میں جو بامبے میں کھیلا گیا انہوں نے ایسے نامساعد حالات میں جب پاکستان کے پہلی اننگز میں 6وکٹ محض60رنز پر گر گئے تھے،81رنز بنائے تو سب کو ان کی صلاحیتوں کا اعتراف کرنا پڑا۔
اسی ٹسٹ کی دوسری اننگز میں وقار نے65رنز بنائے۔اسی سریز کے کولکاتا ٹسٹ میں وقار نے پانچ گھنٹے تک مورچہ سنبھالے رکھا اور 97رنز کی اننگز کھیلی اور پاکستان کے لیے پورا دن نکال کر میچ بچا لیا۔
ان کا یادگار موقع 1955میں نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹسٹ میچ کا رہا جس میں انہوں نے 111رنز پر 6وکٹ گر جانے کے بعد 189رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے ساتھ ساتھ امتیاز احمد کے ساتھ308رنز کی پارٹنر شپ بھی کی۔
ریٹائرمنٹ کے بعد انہوں نے متعدد مرتبہ قومی سلیکٹر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔جب 1982-83میں عمران خان (جو آج وزیر اعظم ہیں) کی قیادت میں پاکستان نے ہندوستان کو 3-0سے ہوم ٹسٹ سریز ہرا کر کلین سوئپ کیا تو اس وقت وقار ہی چیف سلیکٹر تھے۔ان کی نماز جنازہ کراچی کے ڈی ایچ اے میں واقع مسجد صحیم میں ادا کی گئی اور تدفین فیز VIIIقبرستان میں عمل میں آئی۔