کابل: طالبان کے ترجمان اعلیٰ ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ ملک میں جنگ کا مکمل خاتمہ ہو گیا اور اب مستقبل کی حکومت بننا ناگزیر ہو گیا ہے۔ مجاہد نے پیر کے روز پنجشیر صوبے پر مکمل قبضہ کے حوالے سے بیان جاری کرنے کے بعد ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے امید ظاہر کی اب افغانستان ایک مستحکم ملک بن جائے گا۔
مجاہد نے مزید کہا کہ ہماری آخر وقت تک یہی کوشش رہی کہ پنججشیر کا معاملہ افہام و تفہیم سے طے پاجائے لیکن مذاکرات ناکام رہے۔مستقبل کی حکومت کے حوالے سے مجاہد نے کہا کہ جلد ہی اس بابت بھی اعلان ہو جائےگا۔ لیکن جو بھی حکومت تشکیل دی جائے گی وہ نگراں حکومت ہو گی تاکہ حکومت میں ردوبدل اور اصلاحات کی جاسکیں۔
افغان سلامتی دستوں کے انجام کے حوالے سے استفسار کیے جانے پر مجاہد نے کہا کہ گذشتہ20سال کے دوران جن فوجیوں نے تربیت حاصل کی ہے انہیں طالبان فوجیوں کے ساتھ فوجی محکموں میں دوبارہ شامل ہونے کہا جائے گا۔ملک کے بنیادی ڈھانچوںاور ترقیاتی کاموں کے حوالے سے معلوم کیے جانے پر مجاہد نے کہا کہ حملہ آوقروں نے افغانستان کی نو تعمیر کی جانب کوئی توجہ نہیں دی اور اب یہ افغان عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ نو تعمیر کا کام کریں۔
