اسلام آباد: چین کے ہوبئی صوبہ اور اس کے سب سے بڑے شہر ووہان میں ، جہاں کوروناوائرس کی وبا پھیلی ہوئی ہے،پھنسے طلبا اوراپنے پیاروں کے لیے پریشان حال اور بے قراروالدین نے عمران خان قیادت والی پاکستان تحریک انصاف حکومت کو تین روز کی مہلت دی ہے کہ وہ ان کے پیاروں کا چین سے انخلاءکرا کر وطن عزیز واپس بلالیں۔
جذبات سے لبریز اور رقت آمیز لہجہ میں ان لوگوں نے ہم آہنگ ہو کر وزیر اعظم کے مشیر خاص برائے امور صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اور غیر اقامتی پاکستانیوں کے امور کے مشیر خاص سید ذوالفقار عباس بخاری کو انتباہ دیا کہ اگر آئندہ تین روز کے اندر حکومت ہمارے بچوں کو وطن واپس لانے میں ناکام رہی تو ہم آپ کی تمام وزارتوں کے دفاتر اور چینی سفارت خانہ واقع پاکستان کے باہر مظاہرے کریں گے۔
چین میں پھنسے طلبا ءکے والدین اس قدر طیش میں تھے کہ جس آڈیٹوریم میں وزیر اعظم کے مشیر خاص پریشان حال والدین سے خطاب رکر رہے تھے وہاں ایک طوفان بد تمیزی مچاہوا تھا اور پریشان حال اور بچوں کی جان کی طرف سے فکر مند والدین اس قدر غصہ اور خطرناک تیور میں نظر آرہے تھے کہ دونوں مشیروں کو وہاں سے بحفاظت نکالنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے عہدیداروںکو آڈیٹوریم میں داخل ہو کر دونوں مشیروں کے لیے ڈھال بننے پر مجبور ہونا پڑا۔
ان مشیروں کے وہاں سے نکل جانے کے بعد ان پریشان حال والدین نے کوہستان روڈ پر دھرنا دے کر اپنا احتجاج درج کرایا۔تقریباً3گھنٹے بعد ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے موقع پر پہنچ کر لوگوں کو سمجھانے کی کوشش کی لیکن ناکام رہے۔