کولکاتہ: مغربی بنگال اسمبلی میں شمالی دیناج پور کے ہمت آباد حلقہ سے منتخب بی جے پی ممبر اسمبلی دیب ناتھ رائے آج(13جولائی) بندل گاؤں میں اپنے آبائی مکان کے قریب مردہ لٹکے پائے گئے۔ممبر اسمبلی کے گھر والوں کا دعویٰ ہے کہ دیب ناتھ کو ہلاک کر کے بعد میں لٹکا دیا گیا۔
علاقہ کے لوگوں کا بھی دعویٰ ہے کہ ممبر اسمبلی کا قتل کر کے اسے خود کشی کا نام دینے کے لیے ان کی لاش کو پیڑ سے لٹکا دیا گیا۔تاہم پولس نے کہا کہ موت کا سبب پوسٹمارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی معلوم ہو سکے گا۔ متوفی کی لاش پوسٹمارٹم کے لیے رائے گنج اسپتال بھیج دی گئی۔
پولس کو ممبر اسمبلی کی جیب سے ایک خودکشی نامہ ملا ہے جس میں انہوں نے اپنی موت کا ذمہ دار دو افراد کو ٹہرایا ہے۔چونکہ پولس تفتیش میں مذکورہ افراد کو طلب کیا جاسکتا ہے اس لیے ان کے ناموں کا ابھی انکشاف نہیں کیا گیا۔
مقامی تحقیقات سے جو معلومات حاصل ہوئی ہیں ان سے پتہ چلا ہے کہ خود شکی نامہ میں جو نام ہیں ان سے ممبر اسمبلی کا مالی لین دین تھا۔ اور مالی بحران کے باعث اس نے حال ہی میں اپنی چھ سات بیگھہ اراضی فروخت کی تھی۔
مغربی بنگال بی جے پی نے ٹوئیٹ میں کہا کہ شمالی دنیاج پور کی محفوظ سیٹ سے ممبر اسمبلی مسٹر دیب ناتھ رائے بندل میں اپنے دیہی آبائی مکان کے قریب لٹکے پائے گئے۔لوگوں کا عام خیال ہے کہ انہیں مار کر واردات کو خود کشی کا رنگ دینے کے لیے ان کی لاش کو لٹکا دیا گیا۔
ان کا جرم کیا تھا؟ یہی کہ انہوں نے2019میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے واقعہ پر صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت واردات ہے۔جو متا حکومت میں امن وقانون کی ناکامی اور غنڈہ راج کے عروج کی دلیل ہے۔