نئی دہلی: دنیا بھر میں کورونا وائرس سے انسان تو انسان حصص بازار بھی خوف اور نا معلوم خدشات و اندیشوں سے لرز رہے ہیں۔ جس کی وجہ سے دنیا بھر کے شیئر بازاروں میں تہلکہ مچا ہوا ہے۔ سرمایہ کاروں نے شیئر بازاروں سے دوری اختیار کرنا شروع کر دی ہے اور سونا اور بونڈز میں سرمایہ کاری کر ر ہے ہیں۔ جمعرات کے روز ایشیائی شیئر بازاروں میں مزید گراوٹ دیکھی گئی۔ بامبے اسٹاک ایکس چنج (بی ایس ای) کا سینسیکس اگرچہ 57پوائنٹس کی تیز ی سے 39ہزار947پر کھلا تھا لیکن چند گھنٹے نہیں گذرے تھے کہ اس کا گراف نہ صرف بڑھنے سے رک گیا بلکہ دوپہر ہونے تک 325پوائنٹس گر کر 39ہزار440 عشاریہ90تک چلا گیا۔ دوسری جانب نیشنل اسٹاک ایکس چنج کا نفٹی جو 17پوائنٹس کی تنزلی کے ساتھ 11ہزار 661پر کھلا تھا دوپہر ہوتے ہوتے اس میں بھی گراوٹ دیکھی گئی اور وہ 135پوائنٹس کی گراوٹ کے ساتھ11ہزار542.25پر آگیا۔ سپلا، ایچ سی ایل ٹکنالوجیوں، انفسیز اور ٹی سی ایس کے شیئروں میںزیادہ گراوٹ دیکھی گئی۔مجموعی اعتبار سے سبھی سیکٹر خطرے کے نشان میںدکھائی دے رہے ہیں۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ کورونا وائرس نے اب چین سے باہر جنوبی کوریا، اٹلی اور ایران جیسے ممالک کا رخ کر لیا اور وہاں وہ تیزی سے پھیل رہا ہے ۔