جنیوا: عالمی صحت تنظیم (ڈبلیو ایچ او) کے ایک سینئر افسر نے مستقبل میں بڑے پیمانے پر ٹیکہ کاری کے بعد بھی کورونا وائرس کے مسلسل پھیلاؤ کے خطرے کے تعلق سے وارننگ دی ہے۔
ڈبلیو ایچ او صحت پروگرام کے ایکزیکیٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر مائیکل ریان نے ایک ورچوول پریس کانفرنس میں کہا کہ ان کا ماننا ہے کہ دنیا کو اس وائرس کے خاتمے یا ضائع ہونے کے آغاز کو ویکسینیشن کی کامیابی کا پیمانہ نہیں سمجھا جانا چاہئے۔
مسٹر ریان نے کہا ”یہ کامیابی کا پیمانہ نہیں ہے۔ کامیابی کا پیمانہ اس وائرس کی جان لینے، لوگوں کو اسپتال میں داخل کرانے اور ہماری معاشی اور سماجی زندگی کو تباہ کرنے کی صلاحیت کو کم کرنا ہے“۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ویکسینیشن کی وجہ سے ہم اس وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کی سطح تک نہیں پہنچ پائیں گے اس لئے اس کے پھیلاؤ جاری رہنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کے پیش نظر ممالک کو ممکنہ طور پر 2021 تک اس وائرس سے نجات کی توقع نہیں کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی تاریخ میں اب تک ہم نے اس سیارے پر صرف ایک بیماری کا خاتمہ کیا ہے اور وہ چیچک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس سطح پر پہنچنا ہوگا جہاں سے وائرس پر قابو پایا جاسکے۔