اسلام آباد:(اے یو ایس ) سابق وزیر اعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ وہ رواں ماہ احتجاج کی کال دیں گے۔وہ اسلام آباد میں دہشت گردی مقدمے میں جے آئی ٹی کو بیان ریکارڈ کروانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔عمران خان نے میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے جے آئی ٹی کے سوالوں کے جواب دے دیے ہیں تاہم انہوں نے اپنے خلاف دہشت گردی کے مقدمے کو مذاق قرار دیا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ شہباز گل پر جسمانی اور جنسی تشدد کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کی بات کی تھی جس پر دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا گیا اور پوری دنیا میں ملک کی بدنامی ہوئی۔عمران خان کا کہنا تھا کہ ان کی پارٹی کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلے معیشت اور سیلاب کی وجہ سے وہ احتجاج کی کال نہیں دے رہے تھے لیکن موجودہ حکومت سیلاب پر ہی سیاست کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ احتجاج کی کال دوں گا تو حکومت برداشت نہیں کر سکے گی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات سے نکلنے کا واحد حل قبل از وقت انتخابات ہیں اور حکومت سے صرف اسی معاملے پر بات چیت ہو سکتی ہے۔