نئی دہلی:(اے یو ایس ) دہلی کے شاہدرہ ضلع کے پرانی سیما پوری علاقے میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد کی موت ہو گئی۔ تفتیش میں معلوم ہوا کہ یہ خاندان کمر ے کو گرم رکھنے کے لیے رات کو آگ جلا کر سو رہاتھا اس لیے دم گھٹنے سے موت کا خدشہ ہے۔ پولیس کے مطابق بدھ کی دوپہر 1:30بجے اطلاع ملی کہ پرانی سیما پوری میں ایک مکان کی 5ویں منزل پر 4-5 لوگ بے ہوش پڑے ہیں۔ پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی تو ایک کمرے میں 3 بچے اور ایک خاتون مردہ پائے گئے۔
کمرے کے اندر ایک چمنی بھی رکھی تھی جس سے دھواں نکل رہا تھا۔پولس کی جانچ سے پتہ چلا کہ 35 سالہ موہت کالیا اس گھر میں اپنی 30 سالہ بیوی رادھا 11 اور 4 سال کی دو بیٹیاں اور 8 اور 3 سال کی عمر کے دو بیٹوں کے ساتھ رہتا تھا۔ موہت سب سے چھوٹے بچے کو اسپتال لے گیا اسے بھی اسپتال میں مردہ قرار دے دیا گیا۔ اس طرح موہت کی بیوی اور تمام 4 بچوں کی موت ہو گئی۔ پولیس کے مطابق موہت نے یہ مکان ایک دن پہلے شالیمار گارڈن کے رہنے والے امرپال سنگھ سے کرائے پر لیا تھا۔ موہت پیشے سے ڈرائیور ہے۔
فائر بریگیڈ اور فرانزک ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم کو بھی تحقیقات کے لیے موقع پر بلایا گیا۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ موہت کے اہل خانہ نے سردی سے بچنے کے لیے چمنی جلائی تھی لیکن کمرے میں وینٹیلیشن نہیں تھا۔ اس لیے چمنی کے دھوئیں کی وجہ سے رادھا اور اس کے 4 بچوں کا دم گھٹ گیا۔ اس معاملے میں مزید تفتیش جاری ہے۔