کابل: گذشتہ 40سال سے میدان جنگ بنے افغانستان میں اگرچہ عام لوگوں کے لیے خوشی و مسرت کے لمحات عنقا ہو گئے ہیں لیکن انہی نامساعد حالات میں ایک خاندان میں اس وقت بے پناہ خوشی و مسرت کی لہر دوڑ گئی جب ایک افغان خاتون کوبیک وقت پانچ بچے تولد ہوئے۔
مشرقی افغانستان کے صوبہ ننگر ہار کے صحت عامہ کے عہدیداروں نے اطلاع عام کی کہ ایک خاتون کے یہاں بیک وقت پانچ بچوں کی ولادت ہوئی ہے۔
ننگر ہار ریجن ہاسپٹل کے شعبہ زچہ بچہ کی سربراہ ڈاکٹر روشن احمدی نے کہا کہ جس خاتون کو یہ پانچ بچے تولد ہوئے ہیں ان میں چار پسر اور ایک دختر ہے۔
ڈاکٹر احمدی کے مطابق پانچوں بچے صحتمند ہیں اور ضروری دیکھ ریکھ کے لیے شعبہ برائے ا مراض و صحت اطفال میں زیر نگرانی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کے مشرقی صوبہ ننگر ہار میں کسی خاتون کو بیک وقت پانچ بچے تولد ہونے کا یہ پہلا واقعہ ہے۔
صوبائی صحت عامہ کے عہدیداران نے کہا کہ اس سے قبل ننگر ہار ریجنل ہاسپٹل کے زچہ بچہ اکائی میں ایک خاتون کو بیک وقت چار بچے تولد ہو چکے ہیں۔