بیجنگ: چینی صدر شی جن پینگ نے ایران وچین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 50ویں سالگرہ کے موقع پر ایران سے تہنیتی پیغامات کا تبادلہ کیا۔ ایران کے صدر ابراہی رئیسی کے نام اپنے پیغام مبارکباد میں شی نے کہا کہ نصف صدی قبل جب سے سفارتی تعلقات قائم ہوئے ہیں چین اور ایران کے درمیان رشتوں کو بہت تیزی سے فروغ اور استحکام حاصل ہوا ہے۔اور جوں جوں وقت گذرتا گیا دونوں ملکوں کے درمیان روایتی دوستی مضبوط تر ہوتی رہی۔
شی نے کہا کہ 2016میں جامع اسٹریٹجک پارٹنر شپ ہونے کے بعد دونوں ممالک کے مابین سیاسی باہمی اعتماد مزید بڑھا اور مختلف شعبہ ہائے حیات میں باہمی سود مند اشتراک و امداد میں تیزی سے فروغ دیکھا گیا۔ شی نے خاص طور پر یہ کہا کہ کوویڈ19-وبا پھوٹ پڑنے کے بعد ہر قسم کے اچھے برے حالات میں ایک دوسرے کے کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے رہے اور انسداد وبا تعاون کی ایک نئی داستان رقم کی۔ شی نے چین اور ایران کے تعلقات کی خصوصی اہمیت و افادیت پر زور دیا اور انہیں ہر لحاظ سے نہایت درجہ اہمیت کا حامل بتایا۔
شی نے یہ بھی کہا کہ ان کا ملک صدر رئیسی کے ساتھ مل کر 50ویں سالگرہ کو دونوں ممالک اور ان کے عوام کو ہر طرح سے فائدہ پہنچانے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان روایتی دوستی کی جڑیں اور گہری ، مختلف شعبہ زندگی میں گہرے اور عملی اشتراک اور چین ایران جامع اسٹریٹجک پارٹنر شپ کے مفہوم کو معیاری اور بامعنی بنانے کے موقع کے طور پر استعمال کرنے کا خواہاں ہے۔